Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

حج 2027ء رجسٹریشن میں تیزی، دو دن میں 51 ہزار سے زائد عازمین کا اندراج

اسلام آباد: حج 2027 رجسٹریشن کے عمل میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور صرف دو دن کے دوران 51 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین نے اپنا اندراج مکمل کر لیا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج 2027 کے لیے شروع کی گئی آن لائن رجسٹریشن مہم کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ پہلے دو روز میں 51 ہزار سے زیادہ افراد نے رجسٹریشن کروا لی، جن میں سے 46 ہزار افراد نے آن لائن پورٹل کے ذریعے جبکہ 5 ہزار افراد نے پاک حج موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اندراج مکمل کیا۔

ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا جبکہ تقریباً 10 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے۔

صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 24 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی۔ سندھ سے 16 ہزار، خیبرپختونخوا سے 7 ہزار، اسلام آباد سے 3 ہزار، بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 جبکہ گلگت بلتستان سے 77 افراد نے اندراج کرایا۔

اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ 30 سے 48 سال عمر کے افراد کی تعداد نمایاں ہے، جو حج کی ادائیگی کے لیے خاصی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔

حج 2027 رجسٹریشن کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے تاکہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا جبکہ حج اخراجات، پیکجز اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔ حکام نے شہریوں کو بروقت رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں