کراچی: عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں زیرِ بحث آ گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ کسی نئی تصویر یا ملاقات کی نہیں بلکہ ایک معروف نجومی کی پیشگوئی ہے۔
نجومی علی محمد نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران پاکستانی شوبز انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات کے مستقبل کے حوالے سے اپنی رائے اور پیشگوئیاں پیش کیں۔ پروگرام میں ان سے مختلف اداکاروں اور گلوکاروں کی شادی، منگنی اور کیریئر سے متعلق سوالات کیے گئے۔
علی محمد کے مطابق گلوکار عاصم اظہر کی رواں سال شادی کے امکانات کم ہیں، تاہم ان کی منگنی ہونے کا امکان موجود ہے۔ دوسری جانب اداکارہ ہانیہ عامر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کی شادی یا منگنی کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔
نجومی نے مزید دعویٰ کیا کہ ہانیہ عامر کے لیے مستقبل میں کسی بڑے بین الاقوامی منصوبے کا حصہ بننے کے امکانات زیادہ روشن ہیں، جو ان کے کیریئر کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے حوالے سے یہ پیشگوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ گزشتہ برس عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی ختم ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے دوبارہ قریب آنے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
پروگرام کے دوران علی محمد نے سجل علی، احد رضا میر، سونیا حسین، بلال عباس خان اور صبا قمر سمیت دیگر فنکاروں کے بارے میں بھی مختلف پیشگوئیاں کیں۔ ان کے مطابق سجل علی کو جلد کسی بین الاقوامی فلمی منصوبے میں کام کرنے کا موقع مل سکتا ہے جبکہ سونیا حسین کی منگنی کے امکانات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ نجومیوں کی پیشگوئیاں ذاتی آراء پر مبنی ہوتی ہیں اور ان کی کوئی باضابطہ تصدیق موجود نہیں ہوتی، تاہم ایسی گفتگو اکثر مداحوں کی دلچسپی کا باعث بن جاتی ہے۔



