Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

سندھ کے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی سہولت، تنخواہیں اور پنشن پہلے ملیں گی

کراچی: تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب انہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ تک انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے سرکاری ملازمین کو اب ہر ماہ 25 تاریخ کو تنخواہیں ادا کی جائیں گی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین اور پنشنرز کی پنشن 26 تاریخ کو ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اضافی اور ضمنی ادائیگیوں کا عمل ہر ماہ کی 29 تاریخ تک مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی ایف) اور دیگر واجبات کی ادائیگیوں سے متعلق کارروائی 6 سے 16 تاریخ کے دوران جبکہ 20 تاریخ کو بھی مکمل کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد مالیاتی معاملات کو مزید منظم بنانا اور ملازمین کو بروقت ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے اس ترمیم شدہ طریقہ کار سے سرکاری ملازمین کو نئے مہینے کے آغاز سے قبل ہی اپنی تنخواہیں دستیاب ہو جائیں گی، جس سے ان کے گھریلو بجٹ اور مالی منصوبہ بندی میں آسانی پیدا ہوگی۔

اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پے رول اور متعلقہ ریکارڈ مقررہ وقت پر جمع کرایا جائے تاکہ ادائیگیوں کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق موجودہ معاشی حالات اور مہنگائی کے تناظر میں یہ اقدام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو انہیں مالی دباؤ سے نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں