مظفرآباد: خواجہ محمد احسن نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن میں سینئر ممبر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں حلف برداری کی پروقار تقریب بدھ کے روز نیو سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفٰی مغل نے خواجہ محمد احسن سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، سرکاری افسران اور قانونی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
حلف برداری کی تقریب میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، سابق ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی، چیئرمین ضلع کونسل امتیاز احمد عباسی اور وائس چیئرمین بار کونسل ہارون ریاض مغل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شرکاء نے خواجہ محمد احسن کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی انتظامی مہارت اور وسیع تجربے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کے امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سیاسی اور انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابی سرگرمیوں کے تناظر میں الیکشن کمیشن کی مضبوطی اور شفاف انتخابی عمل کے لیے تجربہ کار افسران کی شمولیت اہم پیش رفت ہے۔