Search
Close this search box.
اتوار ,28 جون ,2026ء

پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا آزاد کشمیر میں انتخابی اتحاد، دو نشستوں پر باہمی حمایت کا اعلان

اسلام آباد(رضوان عباسی)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام (آزاد جموں و کشمیر) نے آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے باضابطہ انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے دو حلقوں میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی سدھنوتی/پلندری حلقہ ایل اے-23 اور غربی باغ حلقہ ایل اے-14 میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدواروں کی مکمل حمایت کرے گی، جبکہ دونوں جماعتیں ریاست بھر میں مشترکہ انتخابی مہم بھی چلائیں گی۔

اس موقع پر سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزیر حکومت نبیلہ ایوب، عزادار کاظمی اور زیشان جرال بھی موجود تھے۔چوہدری یاسین نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ انتخابی اتحاد قائم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اپنی بنیادی سیاسی پالیسی کا حصہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے بھی اس مسئلے پر نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھیرکوٹ اور پلندری کے حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کو پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہوگی اور دونوں جماعتوں کا یہ اتحاد آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی مفاہمت اور اتفاقِ رائے کی سیاست کو فروغ دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد ریاست اور ملک کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (آزاد کشمیر) کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے باضابطہ انتخابی اتحاد قائم کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی نے 13 حلقوں میں امیدوار نامزد کیے تھے، تاہم پارٹی فیصلے کے مطابق دیگر حلقوں میں امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیں گے، جبکہ کارکن پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔مولانا سعید یوسف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا اتحاد ماضی کی طرح مثبت اور تاریخی نتائج دے گا اور ریاست کے حقوق کے تحفظ، سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے وزیر حکومت نبیلہ ایوب کی جانب سے پارٹی فیصلے کے حق میں دستبردار ہونے کے اعلان کو بھی سراہا۔اس موقع پر سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا انتخابی اتحاد آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام اور عوامی مفاد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کی نزاکت کو مدنظر رکھا جائے اور وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے بیانات اور اقدامات کا نوٹس لیں۔وزیر حکومت نبیلہ ایوب نے پارٹی فیصلے کے حق میں اپنی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی مفاد اور اتحاد کی کامیابی کے لیے اپنا ذاتی مفاد قربان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے فیصلے کو دل و جان سے قبول کرتی ہیں اور اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے.

یہ بھی پڑھیں