Search
Close this search box.
پیر ,29 جون ,2026ء

11 ماہ میں ریکارڈ آمدنی ، پاکستانی فری لانسرز نے دنیا کو حیران کر دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستانی فری لانسرز نے ملکی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا، 11 ماہ کے دوران آئی ٹی اور اس سے منسلک شعبوں میں آن لائن خدمات فراہم کرکے 1 ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ کما لیا۔

رپورٹ کے مطابق فری لانسنگ کے شعبے سے حاصل ہونے والی یہ آمدنی کسی بھی ایک سال کے دوران سب سے زیادہ قرار دی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس شعبے پر مزید توجہ دی جائے تو پاکستان فری لانسنگ کے ذریعے سالانہ 10 ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فری لانسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا ہے کہ پاکستانی فری لانسرز ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور گزشتہ مالی سال کے دوران انہوں نے 1.6 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔

انہوں نے بتایا کہ 2022 سے 2026 کے دوران فری لانسنگ کے ذریعے حاصل ہونے والا زرمبادلہ 40 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 1.6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو اس شعبے میں ہونے والی نمایاں ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔

ابراہیم امین کے مطابق پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی محدود وسائل، بجلی اور انٹرنیٹ کے مسائل کے باوجود آن لائن کام سیکھ رہے ہیں تحقیق کر رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر حکومت اور نجی شعبہ نوجوانوں کو مناسب تربیت، رہنمائی اور مواقع فراہم کریں تو فری لانسنگ کے شعبے سے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین فری لانسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مزید کہا کہ نوجوان فری لانسرز کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر نہ صرف بے روزگاری میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ ملک کے لیے مزید قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں۔آج موسم کیسا رہے گا ؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

یہ بھی پڑھیں