Search
Close this search box.
بدھ ,08 جولائی ,2026ء

سعودی عرب نے سیاحوں کیلئے پیکیج ویزا متعارف کرا دیا، سفر کا طریقہ مزید آسان

ریاض: سعودی پیکیج ویزا متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے مملکت کا سفر پہلے سے زیادہ آسان، تیز اور سہل بنانا ہے۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت سیاح ایک ہی پلیٹ فارم سے ویزا، فلائٹ اور ہوٹل کی بکنگ مکمل کر سکیں گے۔

سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق نئے نظام میں بین الاقوامی مسافر اپنی سفری منصوبہ بندی ایک مربوط طریقہ کار کے ذریعے انجام دے سکیں گے۔ اس کے لیے الگ الگ ویزا درخواست، ٹکٹ بکنگ اور رہائش کے مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ تمام سہولتیں ایک ہی پیکیج میں دستیاب ہوں گی۔

ابتدائی مرحلے میں سعودی پیکیج ویزا کو منتخب عالمی مارکیٹوں میں منظور شدہ اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ کامیاب آزمائش کے بعد اس سہولت کو مرحلہ وار دیگر ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس پیکیج میں صرف ویزا اور رہائش ہی نہیں بلکہ مختلف سیاحتی مقامات، ثقافتی تقریبات، تفریحی سرگرمیوں اور دیگر ٹورازم سروسز کو بھی شامل کیا جا سکے گا، جس سے مسافروں کو مکمل سفری منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔

سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ مملکت عالمی سیاحت کے فروغ کے لیے جدید سہولتیں متعارف کرا رہی ہے تاکہ ہر آنے والے سیاح کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کو دنیا کے نمایاں سیاحتی مراکز میں شامل کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

وزارتِ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت صرف ان ٹریول کمپنیوں کے ذریعے دستیاب ہوگی جو مقررہ معیار پر پورا اترتی ہوں اور چوبیس گھنٹے صارفین کو معاونت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں سعودی عرب سیاحتی ای ویزا، ویزا آن ارائیول اور اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا جیسی متعدد سہولتیں بھی متعارف کرا چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران تقریباً 2 کروڑ 90 لاکھ بین الاقوامی سیاح سعودی عرب پہنچے، جبکہ نئی ویزا سہولت سے آئندہ برسوں میں اس تعداد میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں