Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

پاکستانی پاسپورٹ درجہ بندی میں بہتری کے باوجود کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل

اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، تاہم اس کے باوجود گرین پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ دو درجے بہتری کے بعد 103ویں سے 101ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

عالمی شہریت اور رہائشی سہولتوں سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کردہ 2026 پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا یا مخصوص ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس درجہ بندی میں پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ اس بنیاد پر لگایا جاتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری ضرور آئی ہے، لیکن گرین پاسپورٹ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے اور صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس سے بہتر پوزیشن پر موجود ہے۔

رینکنگ میں سنگاپور نے ایک بار پھر دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا، جبکہ بھارت 81ویں نمبر پر ہے۔ دوسری جانب افغانستان فہرست کے آخری نمبر پر موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک کے پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی کا انحصار مختلف ممالک کی ویزا پالیسی، سفارتی تعلقات اور بین الاقوامی سفری معاہدوں پر ہوتا ہے، جن میں وقت کے ساتھ تبدیلی آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں