Search
Close this search box.
اتوار ,26 جولائی ,2026ء

پنجاب شرمپ انٹرن شپ پروگرام، نوجوانوں کو ایک لاکھ ماہانہ وظیفہ ملے گا

لاہور: حکومت پنجاب نے پنجاب شرمپ انٹرن شپ پروگرام 2026-27 کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب نوجوانوں کو ایک سالہ عملی تربیت کے دوران ایک لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت مختلف تکنیکی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ کامیاب امیدواروں کو ضلع مظفرگڑھ کے علاقے علی والی میں قائم شرمپ اسٹیٹ میں تعینات کیا جائے گا، جہاں انہیں جھینگا فارمنگ اور ایکوا کلچر کے جدید شعبوں میں عملی تربیت دی جائے گی۔

تربیتی پروگرام کے دوران شرکا کو جھینگا فارمنگ، ہیچری آپریشنز، فیڈ کی تیاری، پروسیسنگ، لیبارٹری ورک، کوالٹی کنٹرول، مارکیٹنگ اور ایکوا کلچر سے متعلق دیگر جدید مہارتوں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صوبے میں ایکوا کلچر کے شعبے کو فروغ دینا، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں جدید روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

درخواست کیسے دیں؟

دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدوار حکومت پنجاب کے آفیشل جاب پورٹل پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے لیے پورٹل پر “Punjab Shrimp Internship Program” سرچ کر کے متعلقہ فارم مکمل کرنا ہوگا۔

مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے امیدوار پروجیکٹ ڈائریکٹر، شرمپ ایکوا کلچر کے دفتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں