اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کیے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مسلسل بڑھتی رہیں، جس کے باعث عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے 25 جولائی تک پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس عرصے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی کو پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔ اس کے بعد 21 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے کمی کی گئی، تاہم اسی روز ڈیزل مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔
اسی طرح 22 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
بعد ازاں 24 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا ہوا، جبکہ 25 جولائی کے لیے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
تازہ قیمتوں کے مطابق 17 جولائی کو پیٹرول 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر تھا، جو 25 جولائی تک بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 323 روپے 30 پیسے سے بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خور و نوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، جس سے مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

