اسلام آباد: یو اے ای 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم معلومات سامنے آگئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا پانچ سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا بدستور دستیاب ہے، جس کے ذریعے مختلف ممالک کے شہری، بشمول پاکستانی، بار بار یو اے ای کا سفر کر سکتے ہیں۔
اس ویزا کے تحت ہر بار 90 روز تک قیام کی اجازت دی جاتی ہے، جبکہ مقررہ شرائط پوری ہونے کی صورت میں مزید 90 روز کی توسیع بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تاہم ایک سال کے دوران مجموعی قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔
درخواست کے لیے ضروری شرائط
یو اے ای حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ تک کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ واپسی یا اگلی منزل کا کنفرم ٹکٹ، مؤثر ہیلتھ انشورنس اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران کم از کم 4 ہزار امریکی ڈالر (یا مساوی رقم) بینک اکاؤنٹ میں موجود ہونے کا ثبوت بھی لازمی ہوگا۔
پاکستانی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ اور حالیہ رنگین پاسپورٹ سائز تصویر بھی درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہوگی۔
درخواست کیسے جمع کرائیں؟
درخواست آئی سی پی (ICP) یا جی ڈی آر ایف اے (GDRFA) کی آن لائن سروسز، کسٹمر سروس سینٹرز یا مجاز ٹائپنگ سینٹرز کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ حکام کے مطابق مکمل دستاویزات موصول ہونے کے بعد ویزا عموماً 48 گھنٹوں کے اندر جاری کر دیا جاتا ہے۔
ویزا فیس کتنی ہے؟
حکام کے مطابق آئی سی پی کے ذریعے درخواست کی مجموعی فیس تقریباً 3,775 درہم جبکہ جی ڈی آر ایف اے کے ذریعے 3,713.5 درہم ہے۔ اس رقم میں درخواست، ویزا اجرا، سیکیورٹی ڈپازٹ اور دیگر سروس چارجز شامل ہیں۔
درخواست مسترد ہونے کی وجوہات
یو اے ای حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر درخواست گزار مقررہ وقت میں مطلوبہ دستاویزات یا معلومات فراہم نہ کرے، یا بار بار نامکمل درخواست جمع کرائے، تو درخواست خودکار طور پر مسترد کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح ویزا کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں کو جرمانے، سیکیورٹی ڈپازٹ کی ضبطی اور مستقبل میں ویزا مسترد ہونے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم بعض حالات میں ویزا مسترد ہونے پر متعلقہ ضوابط کے مطابق سیکیورٹی ڈپازٹ اور کچھ فیس کی واپسی بھی ممکن ہے۔

