فیصل آباد: 200 یونٹ بجلی صارفین کے لیے اہم اطلاع سامنے آئی ہے۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے پروٹیکٹڈ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی سبسڈی سے مسلسل فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کے ذریعے تصدیقی عمل جلد از جلد مکمل کریں، بصورت دیگر مستقبل میں سبسڈی کے حصول میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
فیسکو کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایات پر بجلی صارفین کی رجسٹریشن اور تصدیق کی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو بلا تعطل سبسڈی فراہم کرنا اور بجلی کے نظام کو مزید شفاف اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل 39 لاکھ 51 ہزار 336 پروٹیکٹڈ صارفین موجود ہیں، جن میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین QR کوڈ اسکین کر کے کامیاب رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین ایسے ہیں جنہوں نے تاحال تصدیقی عمل مکمل نہیں کیا، جس کے باعث انہیں مستقبل میں حکومتی سبسڈی سے محروم ہونے یا دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
QR ویریفکیشن کا طریقہ
فیسکو کے مطابق صارفین اپنے تازہ ترین بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کریں، پھر قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں۔ اس کے بعد موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) درج کرکے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔
فیسکو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس نظام کا مقصد صرف مستحق صارفین تک حکومتی ریلیف پہنچانا اور سبسڈی کے ناجائز استعمال کی روک تھام کرنا ہے۔
ترجمان نے صارفین کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات یا شناختی کارڈ نمبر ہرگز درج نہ کریں۔

