اسلام آباد: گرج چمک اور موسلا دھار بارش نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں دو بچوں سمیت نو افراد کی جان لے لی۔
کوئٹہ، چمن چاغی، نوشکی، ڈیرہ بگٹی، سوراب، کوہلو اور خضدار سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جب کہ کے پی کے ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ، مہمند اور کوہاٹ کے اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں: آ ج14اپریل بروزاتوار پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسم کیسا رہےگا ؟
کوئٹہ میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ مستونگ، قلات، نوشکی، پشین، خاران، قلعہ عبداللہ اور کچھی میں بھی بارش ہوئی۔ مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں مرئیت متاثر ہوئی۔
پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کا کہنا ہے کہ ضلع سوراب میں گرج چمک کے ساتھ دو بچے جاں بحق ہوئے۔
ادھر پشین میں آسمانی بجلی گرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
اس کے علاوہ بالائی اور زیریں چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے دو مکانات کو منہدم کر دیا جبکہ چترال، گرم چشمہ، اپر چترال اور تورکھو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
سیاحوں کی ایک گاڑی کو بچا لیا گیا جو کہ نالے میں پھنسی ہوئی تھی۔بالائی چترال کے بیشتر علاقے بجلی کی سپلائی متاثر ہونے سے تاریکی میں ڈوب گئے۔

