Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

آرمی چیف عاصم منیر کا لاہور گیریژن کا دورہ، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا

راولپنڈی(نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز(ملٹری) نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق لاہور گیریژن کے دورے کے دوران آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کورہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اوران کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

آرمی چیف عاصم منیرنے اس بات پر بھی زور دے کر کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔

آرمی چیف نےکہا کہ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔

مزیدپڑھیں:سینیگال میں طیارہ اڑان سے قبل رن وے سے پھسل گیا، 11 مسافر زخمی

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے، تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپکو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُنکے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

 

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہدا اوران کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔

بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔

آرمی چیف سید عاصم منیرکی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں