کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی کے ایم پی ایز اور ایم ایز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں ایم این ایز قادر پٹیل آغا رفیع اللہ، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم پی ایز سلیم بلوچ، یوسف بلوچ، یوسف مرتضیٰ، راجا عبدالرزاق، لیاقت آسکانی، شازیہ سنگھار اور دیگر شریک ہوئے.اجلاس میں کراچی کے علاقے ملیر، کیماڑی، لیاری اور غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا.
اجلاس میں لیاری تا ملیر نیا روٹ شروع کرنے اور لیاری میں چاکیواڑہ اسٹاپ تک پیپلز بس چلانے کی تجاویز بھی دی گئی جبکہ ضیاء الدین ہستال تا چاکیواڑہ چوک وایہ بلاول چورنگی، 26 اسٹریٹ، گزری لین ، سی ایم ہاؤس ، سلطان آباد، ماڑیپور روٹ کی توسیع کا فیصلہ کیاگیا ہے .
اجلاس میں ایم پی ایز اور ایم نے ایز اپنے اپنے حلقے میں نئے روٹس شروع کرنے کے حوالے سے بھی تجاویز دیں .
پیر سے ہاکس بے تا صدر اور منگھوپیر تا بنارس بعد از سروے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا .
ملیر تا لیاری ریڈ بس اور ملیر کے ڈی اے موڑ غریب آباد سے یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤن تک پنک بس سروس چلانے کی بھی تجاویز سامنے آئی.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کے لیے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے،پیپلز بس سروس کی توسیع پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے.
انہوںنے کہاکہ عوام کو قابل رسائی، موثر اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے،ہمارا مقصد ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنا اور عوامی نقل و حمل کے قابل بھروسہ حل پیش کرنا ہے .
صوبائی وزیرنے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو بڑھا کر آسان سفر کی سہولت فراہم کر رہے ہیں ،کراچی کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل ترقی اور جدت کے لیے پرعزم ہیں.
ان کا کہنا تھاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو عوامی ضروریات کے مطابق چلانے کے لئے ہمارے منتخب نمائندگان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں.
مزیدپڑھیں:بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی عہدے سے مستعفی، 8 جون کو حلف لینے کا امکان

