لاہور(نیوزڈیسک)لاہور میں ایف آئی اے نے ہال روڈ برادرز پلازہ میں ایک دفتر پر چھاپہ مارا اور حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والے مرکزی ملزم عماد جہانگیر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ ورک پر الزام ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمزعملے کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے اسمگل کرتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کو اسمگلنگ میں سہولتکاری فراہم کرنے میں کسٹمز افسران اور عملہ بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے نے سپرنٹنڈنٹ کسٹمز شاہنواز لنگڑیال، سپرنٹنڈنٹ حرعباس، انسپکٹر کسٹم رانا بابر، کسٹم اہلکار ناصر کو اسمگلرز کی سہولتکاری کی ایف آئی آر میں نامزد کردیا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ٹی ٹی کے ذریعے کاروباری افراد کے کروڑوں روپے بیرون ملک منتقل کرنے والا نیٹ ورک دبئی سے جہانگیر اور لاہور ہال روڈ سے اس کا بیٹا عماد جہانگیر چلا رہا تھا۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے ہال روڈ برادرز پلازہ میں ٹی جے ٹریڈرز کے دفتر میں چھاپہ مار کر عماد جہانگیر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے موبائل فونز ریکارڈ اور بیانات کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔


