اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کام و آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) نے معروف اولمپئن و جیولین تھرو کھلاڑی، ارشدندیم کو اپنا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں ارشد ندیم کی زندگی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کو اُجاگر کرنے اور اگلے ماہ ہونے والے 2024 سمر اولمپکس پیرس میں ان کی کامیابی کیلئے قومی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک شاندار کمپین کا انتظام کیاگیا ہے۔
یہ کمپین پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کی زندگی ، محنت اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں محنت اور کامیابی کے حصول کی لگن پیدا کرنا ہے۔ گروپ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کے نقشِ قدم پر چلیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
ارشد ندیم ایک قومی ہیرو ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر جیولین تھرو کے کھیل میں غیر معمولی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ سال 2021 میں ارشد ندیم اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے اولین پاکستانی ٹریک اور فیلڈ اتھلیٹ بنے ،جنہوں نے ٹوکیو المپکس کے جیولین تھرو مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کیا او ر 1962 کے بعد سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بنے۔ انہوں نے 2021 میں منعقدہ اسلامی یکجہتی کھیلوں میں پاکستان کیلئے ایک اور طلائی تمغہ جیتا، جبکہ2023 میں بڈاپیسٹ میں منعقد ہونے والے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا اور ساتھ ہی پیرس میں منعقد ہونے والے 2024 سمر اولمپکس میں بھی جگہ بنا لی۔
پی ٹی سی ایل گروپ کی کمپین کا مقصد ارشد ندیم کی ناقابل ِ شکست جیت کی لگن کو سراہنا ہے جس کی مدد سے انہوں نے متعددسماجی و معاشی رکاوٹیں عبور کیں اور ایک ایسے کھیل میں ملک کا نام روشن کیا، جس کیلئے حکومتی تعاون اور عوامی حمایت اور جوش و خروش نہ ہونے کے برابر تھی۔ ان مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنے بل بوتے پر محنت جاری رکھی ، یہاں تک کہ کامیابی نے بالآخر ان کے قدم چومے۔ ان کی ثابت قدمی اور جیت کی لگن کو تسلیم کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل گروپ نے نوجوانوں اور پوری قوم کیلئے ایک مثالی کردار کے طور پر ان کی پذیرائی کی ہے۔ اس اقدام کا ایک مقصد ملک میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر دیگر مقابلوں میں بھی شریک ہوسکے۔
اس متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ، ارشد ندیم کا کہنا تھا، ’’میں مسلسل مدد اور حوصلہ افزائی کیلئے پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کا بے حد شکرگزار ہوں۔ میری پیشہ ورانہ کاوشوں پر ان کے اعتماد سے کھیلوں کے شعبے میں ثابت قدمی اور مشترکہ عزم کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پی ٹی سی ایل گروپ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل سرپرستی کررہا ہے۔ اگر تعاون اور حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو کوئی شک نہیں کہ عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا ڈنکا بجے گا۔ پیرس اولمپکس میں میری بھرپور کوشش ہوگی کہ میں پی ٹی سی ایل گروپ اور قوم کی محبت اور تعاون کا حق ادا کر سکوں۔‘‘
چیف مارکیٹنگ آفیسر ، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G ، سید عاطف رضا نے کہا، ’’ارشد ندیم ایک قومی ہیرو ہیں اور ان کا پیشہ ورانہ سفر ناقابل ِ شکست جذبے اور مسلسل عزم سے عبارت ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی ایک عملی مثال ہے کہ انسان غیر متزلزل ارادے اور لگن سے مشکل سے مشکل ہدف بھی حاصل کرسکتا ہے، اور ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے ہیرو کے پیچھے کھڑے ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کررہا ہے۔ ارشد کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہم پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں اور قومی سطح پر کھیلوں میں ایک نیا معیار وضع کرنا چاہتے ہیں ، جس سے پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے پاکستان میں ایک صحت مندانہ کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کو تقویت ملے گی۔‘‘
پی ٹی سی ایل گروپ کو کامل یقین ہے کہ پاکستانی نوجوان غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں ، اس لیے گروپ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ، تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائیوں کا رُخ مثبت سرگرمیوں کی جانب موڑا جاسکے۔ ملک میں ضلعی سطح پر فٹ بال ، والی بال اور دیگر کھیلوں کے فروغ کی کوششیں، کرکٹ کے قومی کھلاڑیوں کے ساتھ شراکت داری اور پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل تعاون ، پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کی چیدہ مثالیں ہیں۔
آئی ایم ایف کا پاکستانی حکومت سے زراعت پر ٹیکس نافذ کرنے کا مطالبہ

