اسلام آباد (رضوان عباسی سے)پاکستان کاایران سےدرآمدات پر انحصارمیں مسلسل اضافے کے باعث تیس جون کوختم ہونے والے مالی سال دو ہزار تئیس،چوبیس کے دوران ایران سےدرآمدات ایک ارب ڈالرز سےتجاوز کرگئیں-
گذشتہ مالی سال ایران سے درآمدات میں اٹھارہ فیصد اضافہ اورجون میں سالانہ بنیادوں پر ایران سے درآمدات انتالیس فیصد بڑھ گئیں ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق گذشتہ مالی سال جولائی2023 تاجون2024 کے دوران ایران سےدرآمدات 18 فیصد اضافے کے بعدایک ارب4 کروڑڈالرز رہیں جبکہ مالی سال 2022۔23 میں ایران سےدرآمدات کاحجم88 کروڑڈالرز تھا-
ذرائع کا کہنا ہے کہ جون2024 میں ایران سےسالانہ بنیادوں پردرآمدات39فیصداضافےکے بعد9کروڑ ڈالرز سے زائد رہیں جبکہ جون2023 میں ایران سےدرآمدات 6کروڑ51 لاکھ ڈالرز رکارڈ کی گئیں تھیں-
حکومتی ذرائع کے مطابق امریکی پابندیوں کےباعث بینکنگ چینلز کےنہ ہونے کےنتیجے میں گذشتہ کئی سال ایران کے لیے پاکستانی برآمدات صفر رہیں جبکہ ایران سے درآمدات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے-
گذشتہ مالی سال پاکستان کی ایران سےدرآمدات مزید بڑھ گئیں جس کے بعدحالیہ4سال کےدوران پاکستان کی ایران سے مجموعی درآمدات 3ارب21 کروڑڈالرز پر پہنچ گئیں -یاد رہے کہ اس سال اپریل میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے آئندہ پانچ سال میں دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔۔
پاکستان ریلویز نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ، نوٹیفکیشن جاری ،دیکھیں


