اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی سستی کرنا کسی ایک جماعت کا نہیں، پوری قوم کا مطالبہ ہے اور یہ اتحادی حکومتی ایجنڈا بھی ہے جس پر دن رات کام کر رہے ہیں، بلوں کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، اس پر سیاست عوام کی توہین کے مترادف ہے، جو لوگ آج دھرنے دے رہے ہیں وہ ’سیاست برائے سیاست ‘ کرر ہے ہیں۔
جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ بجلی کے بلوں کو کم کرنا ہماری مخلوط حکومت کا ذاتی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے پہلے سے ہی جولائی، اگست اور ستمبر کے لیے 50 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ اس معاملے پر ملک بھر میں احتجاج اور سٹرکیں بلاک کرنا عوام کی توہین ہے، ہم ’سیاست کی خاطر کسی احتجاج پر یقین نہیں رکھتے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کے اپنے آئی پی پیز کا کوئی ایشو نہیں ہے، چین واحد ملک تھا جس نے سی پیک کے ذریعے بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پاکستان میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں ہماری مدد کی، اس منصوبے کے تحت ایل این جی کے پلانٹس بھی لگائے گئے جو کہ سستے ترین تھے۔اس لیے کسی معاہدے کو طعنے کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔


