Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

انٹرنیٹ پر فائروال کی تنصیب، وزیر مملکت کاردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے سوشل میڈیا پرنا پسندیدہ اور ریاست مخالف مواد پر نظررکھنے اور ایسا مواد پھیلانے والوں کو پکڑنے کے لیے فائر وال کو کامیابی کے ساتھ نصب کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فائر وال کی تنصیب کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ دُنیا بھر کی حکومتیں سائر سیکیورٹی کے لیے فائر وال کا استعمال کرتی ہیں تاہم جہاں تک انٹرنیٹ سست ہونے کی بات ہے تو اس سے متعلق سروس پرووائیڈر خاص طور پرپاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) سے ڈیٹا مانگا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ پوری دُنیا میں حکومتیں سائبر سیکیورٹی کے لیے فائر وال انسٹال کرتی ہیں، لیکن ملک میں پہلے صرف واٹس ایپ کے سست ہونے کی شکایات آ رہی تھیں، لیکن بعد میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور انٹرنیٹ کے سست ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، جس کے لیے انٹرنیٹ پرووائیڈر سے بات کر لی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سائبر سیکیورٹی کے حملوں سے بچنے کے لیے فائر وال انسٹال کی جاتی ہے، فائر وال سے پہلے ویب مینجمنٹ سسٹم تھا، حکومت اب اس سسٹم کو اَپ ڈیٹ کررہی ہے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتے سے انٹرنیٹ کے سست ہونے سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، ملک میں انٹرنیٹ پر کتنے حملے ہوئے اس سے متعلق جلد آگاہ کریں گے کہ اب تک کتنے سائبر حملے ہو چکے ہیں۔

ہمارے ہاں میڈیا اور عوام کے اندرتنقید کی جاتی ہے لیکن دیکھنے کی بات یہ ہے کہ اس ملک پر کتنے سائبر حملے ہو رہے ہیں، سب جانتے ہیں کہ ان حملوں سے بچنے کے لیے حکومتیں سائبر سیکیورٹی کے اقدامات کے طور پر فائر وال کا اپنے انٹرنیٹ نظام پر انسٹال کرتی ہیں۔ فائر وال انسٹال کرنے کا مقصد ملک اور عوام کو سائبر حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔

ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر وال کی تنصیب کا دوسرا ٹرائل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ ٹیلی کام ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر فائر وال انسٹال کر دی گئی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا سروسزآئندہ 2 سے 3 روز میں معمول پر آ جائیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل سگنل انٹرنیٹ سروس کو بھی ڈاؤن کیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر آڈیو ویڈیو اَپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ دونوں کو بند کر دیا گیا گیا تھا، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کے پیش فائر وال کی تنصیب کی جا رہی ہے،۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر وال کے انسٹال کرنے سے سوشل میڈیا پر نا پسندیدہ، نفرت آمیز مواد کو روکا جا سکے گا، یہ فائر وال ڈیپ پیکٹ انسپکشن کی صلاحیت کی حامل ہو گی۔ جس سے سوشل میڈیا پرپروپیگندا پوائنٹس کی نشاندہی کی جا سکے گی اور قومی سلامتی سے متعلق پروپیگنڈا کرنے والی آئی ڈی کو بھی بلاک کیا جاسکے گا۔

 

یہ بھی پڑھیں