کراچی(نیوز ڈیسک) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے اہم ڈیلر شاہد عرف قادری کو حوالہ اور ہنڈی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ شاہد عرف قادری، علی ثقلین رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز کے سی ای او ہیں، جن کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق، ایف آئی اے نے شاہد عرف قادری کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا اور عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔ اس سے قبل بھی ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کے دو ڈیلرز کو گرفتار کر کے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے تین مقدمات درج کیے تھے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے کم از کم دو درجن اہم ڈیلر منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، جس کے بعد ایف آئی اے نے چوبیس ڈیلروں کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، آئندہ دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، خاص طور پر ان افراد کے خلاف جو دبئی میں سرمایہ کاری کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

