Search
Close this search box.
جمعه ,17 جولائی ,2026ء

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس،افواج پاکستان کو بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کا اختیاردیدیا

اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں بھارتی جارحیت پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم او سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جنگی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بھارتی افواج نے رات گئے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد پر مشترکہ میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے جن میں معصوم مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے جبکہ مساجد اور دیگر شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی جارحیت نے خلیجی ممالک کی کمرشل فلائٹس اور نیلم-جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کو بھی خطرے میں ڈالا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی حملوں کو پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اعلان جنگ قرار دیا۔ کمیٹی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک جرم اور انسانی اقدار و عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے 22 اپریل کے بعد شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے جان بوجھ کر سچ چھپانے کی کوشش کی اور جھوٹے سیاسی مقاصد کے لیے معصوم شہریوں پر حملہ کیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ علاقائی آگ بھڑکانے کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق افواج پاکستان نے مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی حملے ناکام بنائے اور پانچ بھارتی طیارے و ڈرونز مار گرائے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جوابی کارروائی کا پورا حق حاصل ہے اور افواج پاکستان کو جوابی کارروائی کے لیے مکمل اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پوری قوم افواج پاکستان کی بہادری اور بروقت دفاع پر فخر کرتی ہے اور کسی بھی مزید جارحیت کے مقابلے کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔

آخر میں قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارت کی غیرقانونی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے اور اسے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری، سالمیت اور عوام کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گا#
بھارتی حملے کے ساتھ ہی ایکس کی سروس بحال، ’سندور بن گیا تندور‘ ٹاپ ٹرینڈ

یہ بھی پڑھیں