Search
Close this search box.
جمعه ,26 جون ,2026ء

بلا اشتعال بھارتی جارحیت میں شہید 7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، صدر اور وزیراعظم کی شرکت

راولپنڈی: آزاد جموں و کشمیر کے علاقے داورندی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے کمسن بیٹے، 7 سالہ ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ آج اسلام آباد میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہید کے لواحقین اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی یہ جارحانہ ذہنیت نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

صدر زرداری اور وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی ہر جارحیت کا مضبوط اور غیر متزلزل جواب دے رہی ہیں، اور تمام محاذوں پر وطن عزیز کا دفاع کر رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی ایسی کھلی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہا جائے گا، اور عالمی برادری کو اس حوالے سے فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔آخر میں صدر اور وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والے معصوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا کرے۔

یہ بھی پڑھیں