پاکستان کے وزیراعظم جناب محمد شہباز شریف نے آج پسرور چھاؤنی، سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی و ترقی، اور وزیر اطلاعات بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے یہ دورہ آپریشن بنیان مرصوص”کے دوران پاک افواج کی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہنے کے لیے کیا۔






دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز – ملٹری) اور چیف آف ائیر اسٹاف، ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشانِ امتیاز – ملٹری) بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو آپریشن کے تفصیلات اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی جرات مندانہ کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی بلااشتعال جارحیت کو بے مثال عزم، حکمت عملی اور دلیری سے شکست دی۔ اُنہوں نے کہا کہ “چند گھنٹوں میں دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے گئے اور پاکستان نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی۔”
وزیراعظم نے فرنٹ لائن پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور تیاریوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ “پاکستان کو اپنے ان بہادر بیٹوں پر فخر ہے، جو قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔”
بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے اور اُن پر دہشت گردی کا الزام لگانے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ عمل تمام بین الاقوامی قوانین، اصولوں اور انسانی اخلاقیات کے خلاف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جارحیت کا راستہ چُنا، جسے منہ توڑ جواب دیا گیا۔
وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ “ہمارے شہداء ہمیشہ ہمارے لیے باعثِ فخر تھے، ہیں اور رہیں گے۔”وزیراعظم کی آمد پر آرمی چیف اور کور کمانڈر گوجرانوالہ نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔

