راولپنڈی(اوصاف نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر سےزائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں نالوں کے بھرنے کے سبب متعدد راستوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہو گئی جبکہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آ گیا۔
نالہ لئی کے اطراف میں خطرے کے سائرن بج گئے
نالہ لئی کے اطراف میں خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے جبکہ ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلا کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں، پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے، شہری احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
کلاؤڈ برسٹ، 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ
ڈپٹی کمشنر چکوال کے مطابق واسا اور ریسکیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہسپتالوں میں کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق چکوال میں ریکارڈ بارش کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہوئی، چکوال میں 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، کلر کہار، وہالی زیر میں 325 اور چو آسیدن شاہ میں 310 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے




