گجرات (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعیْن قریشی نے سیلاب متاثرین کو غیر مجاز، غیر سرکاری افراد، نامور شخصیات اور این جی اوز کی جانب سے غیر معیاری اور بغیر چیک شدہ کھانا تقسیم کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق مختلف افراد اور تنظیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کی اشیاء اور پینے کے پانی کی غیر معیاری تقسیم سے عوامی صحت کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے یہ اقدامات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی یا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی منظوری کے بعد ہی کھانے کی اشیاء، پانی اور دیگر خوراکی سامان تقسیم کیا جا سکے گا۔
حکم نامے کے مطابق یہ آرڈر 29 اگست 2025 سے نافذالعمل ہوگا اور 7 دن یعنی 5 ستمبر 2025 تک مؤثر رہے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ متاثرین کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے عوام اور تنظیموں کو اس فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔

مزیدپڑھیں:خسارہ پورا نہ ہونے پر یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کرنا پڑے گا، وفاقی وزیر


