اسلام آباد(اوصاف نیوز) نجی سکولوں میں بچوں کی بڑھتی فیسوں سمیت دیگر اخراجات سے پریشان والدین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولتوں کے فقدان کے باعث ملک بھر کے میں والدین کی اکثریت اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں داخل کراتی ہے تاہم ہر سال فیسوں میں اضافے اور دیگر اخراجات سے خاص طور پر غریب والدین کا بجٹ شدید متاثر ہوتا ہے،ایسے ہی والدین کے لیے بی آئی ایس پی کی جانب سے ایک ایسا پروگرام لایا گیا ہے جس کے ذریعہ ان کے لیے فیسوں کی ادائیگی اور بچوں کی دیگر تعلیمی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے بینظیر تعلیمی وظائف کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کے تحت پرائمری سے ہائیر سیکنڈری تک کے بچوں کو وظائف فراہم کیے جائیں گے جس کے ذریعہ والدین کا فیسوں کی ادائیگی کا مسئلہ حل ہو سکے گا۔
بینظیر تعلیمی وظائف میں رجسٹریشن کا طریقہ کار:
جن بچوں اور بچیوں کی اس پروگرام میں رجسٹریشن کرانی ہے،والدین انہیں لے کر بی آئی ایس پی پروگرام کے کسی قریبی دفتر جائیں،والدین وہاں جا کر متعلقہ افسر سے ملیں اور انہیں بینظر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلے سے درج شدہ موبائل فون نمبر اور بچوں کا ب فارم فراہم کریں۔
متعلقہ افسر دستاویزات اور کوائف دیکھ کر آپ کے بچے کی رجسٹریشن کرے گا اور پھر آپ کو ایک رجسٹریشن سلپ جاری کی جائے گی،مذکورہ سلپ کو بچوں کے سکول جن میں وہ زیر تعلیم ہیں، وہاں سے پُر کروائیں،اس بچوں کی کلاس اور سیکشن جن میں وہ زیر تعلیم ہیں، اس کا بھی فارم میں اندراج کرائیں۔
یہ سلپ پُر کروانے کے بعد واپس بی آئی ایس پی کے دفتر میں جمع کرائیں،انرولمنٹ سلپ کی تصدیق کے بعد طلبہ اور طالبات کو وظیفہ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا جو سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام میں شمولیت کی شرائط:
پروگرام میں شمولیت کی شرائط اور طلبا کیلئے عمر کی حد:
طلبہ کی والدہ کا بینظیر کفالت کے لیے اہل ہونا لازمی ہے،پرائمری کے لیے 4 تا 12 سال، سیکنڈری کے لیے 8 سے 18 سال اور ہائر سیکنڈری کے لیے 13 تا 22 سال مقرر کی گئی ہے۔
تعلیمی وظیفہ کے لیے درخواست گزار بچے کی اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے،اس کے علاوہ بچے کا سکول تبدیل کرنے کی صورت میں بینظر انکم سپورٹ پروگرام کو آگاہ کرنا لازمی ہے۔
سہ ماہی شرح وظیفہ:
طالبات: پرائمری (3000) سیکنڈری (4000) اور ہائر سیکنڈری (5000) روپے
طلبہ : پرائمری (2500)، سیکنڈری (3500) اور ہائر سیکنڈری کے لیے (4500) روپے
اس کے علاوہ پرائمری تعلیم کی تکمیل پر بچیوں کو 3000 روپے کا خصوصی بونس بھی دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پاک بھارت پابندی کے باوجود درآمدات کا بڑا انکشاف




