دوحہ(ویب ڈیسک ) جی سی سی نےاسرائیلی حملے کے بعد مشترکہ دفاعی میکنزم فعال کرنے کا اعلان کردیا۔ جی سی سی اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی ایک رکن ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، فوجی اداروں کا فوری اجلاس طلب کرکے دفاعی پوزیشن کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی گئی۔متحدہ عسکری کمان کو مشترکہ دفاعی میکنزم فعال کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
دوحہ میں عرب لیگ کے ہنگامی سربراہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں اسرائیلی حملے کے خلاف مشترکہ ردعمل کا اعلان کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق خطے کی اجتماعی سلامتی اور مشترکہ تقدیر کے عزم کو دہرانے پر اتفاق کیا گیا، عرب اور اسلامی ممالک نے چیلنجز کا مقابلہ یکجہتی کے ساتھ کرنے پر زور دیا، علاقائی تعاون کے لیے مؤثر میکنزم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، آئندہ علاقائی معاہدے اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی بنیاد پر ہوں گے، ریاستوں کی مساوات، خودمختاری اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پاسداری کی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں تنازعات کو پرامن ذرائع سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں فلسطینی سرزمین پر 1967 کی حدود کے مطابق اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس میں خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اسرائیل کی قطر پر بربر یت امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہے، اسرائیل کے بزدلانہ اور غیر قانونی حملے کی شدید مذمت کی گئی، قطر کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور اس کے اقدامات کی حمایت کی گئی،غیر جانبدار ثالثی مرکز پر حملہ عالمی امن کوششوں کو متاثر کرتا ہے، قطر کے مہذب اور دانشمندانہ رویے کو سراہا گیا۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جارحیت روکنے کے لیے قطر، مصر اور امریکہ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ،ثالثی اور امن کے قیام میں قطر کے تعمیری کردار کی تعریف کی گئی، اسرائیلی جارحیت کو کسی بھی جواز کے تحت قبول نہ کرنے کا عزم اظہار کیا گیا، قطر کو دوبارہ نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکیوں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کونسل نے قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی، خلیجی ریاستوں نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
جی سی سی اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی ایک رکن ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، فوجی اداروں کا فوری اجلاس طلب کرکے دفاعی پوزیشن کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی گئی۔متحدہ عسکری کمان کو مشترکہ دفاعی میکنزم فعال کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق اسرائیلی حملے نے قطر کی جنگ بندی مذاکراتی کوششوں کو نقصان پہنچایا، قطر کے کردار سے یرغمالیوں کی رہائی اور فلسطینیوں کی مشکلات میں کمی ممکن تھی۔
مزیدپڑھیں:توشہ خانہ ٹو کیس میں اگر سزا ہوئی تو اپیل کریں گے،سلمان اکرم راجہ

