اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہریوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، جس سے شہری دن رات سہولت حاصل کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت پبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ آئی جی نے لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کرنے اور عوام کو سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف-6 خدمت مرکز کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس دفتر فیض آباد بھی 24 گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ شہری دن رات سہولت حاصل کرسکیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ خدمت مراکز کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں، جو اب شام 6 بجے کے بجائے رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ عنقریب تھانوں سے بھی ٹریفک سے متعلقہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو مزید آسانی میسر ہو۔
پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ یکم اکتوبر کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جس میں مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ گرفتاری اور گاڑی ضبط کرنے جیسے اقدامات بھی شامل ہوں گے۔
مزیدپڑھیں:طلبا ءمیں مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم ! بڑی خوشخبری



