اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو نئی سہولت فراہم کردی، اسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام نے کام شروع کر دیا۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے پیدائش اور وفات کے اندراج کے عمل کو مزید موثر، تیز اور شفاف بنانے کے لئے اسپتالوں اور مراکز صحت میں جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر نادرا ملک میں رجسٹریشن کے نظام کو بہتر بنانے اور اس میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، نادرا کا یہ اقدام نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے جس کی منظوری وزیراعظم پاکستان نے یکم جنوری 2025 کو دی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ کے آزمائشی مرحلے پر کام جاری ہے اور وسیع تر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے تیاریاں مکمل ہونے پر اس کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔
پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نادرا نے ملک بھر میں 50 سے زائد اسپتالوں اور مراکز صحت میں یہ نظام فراہم کیا ہے جن میں اسلام آباد کے اسپتالوں میں پمز، سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ، لاہور کا لیڈی ایچیسن اسپتال، کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج ، ڈی ایچ کیو، شیخ زید اور آریہ اسپتال میں یہ سہولت فراہم کیا ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں ڈی ایچ کیو اسپتال ہری پور اور بٹ خیلہ، آزاد جموں وکشمیر میں ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور، گلگت میں شہید سید الرحمان اسپتال، صوبہ سندھ میں حیدرآباد کے متعدد اسپتال اور مٹیاری کے اسپتال اور بنیادی مراکز صحت شامل ہیں۔
اس نظام کی بدولت اسپتال یا مرکز صحت میں پیدائش یا وفات کی اطلاع نادرا کو براہ راست موصول ہوتی ہے، نادرا کی جانب سے والدین یا متوفی کے ورثاء کو موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کرانے کا پیغام بھجوا یا جائے گا۔
پائلٹ پراجیکٹ کے دوران خودکار نظام کے تحت اب تک ملک بھر میں پیدائش کی 4 ہزار اور وفات کی 407 اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اس نظام کے تحت شہری نادرا کی موبائل ایپ کے ذریعے یا قریبی یونین کونسل جا کر پیدائش یا وفات کا اندراج اپنی متعلقہ یونین کونسل میں کرا سکیں گے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت یہ سہولت پنجاب کے تین اضلاع میں کامیابی سے جاری ہےاور جلد ہی یہ پورے پنجاب میں میسر ہو گی۔
نادرا کی جانب سے ملک کے دیگر اضلاع اور صوبوں کے تمام سرکاری اور غیرسرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں بھی اس جدید نظام کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ تمام اسپتالوں میں یہ سہولت فراہم ہونے کے بعد ملک بھر کے شہری اس ڈیجیٹل اور خودکار نظام سے مستفید ہو سکیں گے۔
نادرا دیگر صوبوں میں بھی اس سہولت کی فراہمی کے لیے متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ اشتراک پر کام کر رہا ہے جس کی تکمیل کے بعد پیدائش اور وفات کے اندراج کی یہ سہولت پورے ملک میں دستیاب ہو گی۔
مزیدپڑھیں:تمنا بھاٹیہ کے بارے میں غلط اور نامناسب تبصرہ، سینئر اداکار انو کپور مشکل میں آگئے



