Search
Close this search box.
اتوار ,21 جون ,2026ء

نادرا نے عوام کی پریشانی دور کردی، فیس ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانی کی منسوخی پر عائد فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نادرا نے یہ سہولت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر فراہم کی ہے۔ نادرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتقال شدہ شخص کے والدین، بہن بھائی یا شریک حیات اور اولاد اب بغیر کسی فیس کے این آئی سی او پی منسوخ کروا سکتے ہیں بشرطیکہ موت کی رجسٹریشن متعلقہ یونین کونسل یا پاکستانی سفارتخانے میں کرائی جا چکی ہو۔

نادرا کے مطابق یہ عمل نادرا کے قریبی مرکز یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ اب منسوخی کے لیے مرحوم کا شناختی کارڈ جمع کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

نادرا نے اس سے قبل بھی پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کے لیے ملک گیر ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا تھا، جس کے تحت ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز سے براہ راست ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے تاکہ یہ عمل تیز، شفاف اور مؤثر ہو سکے۔

یہ منصوبہ وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے یکم جنوری 2025 کو نافذ ہونے والی نیشنل بایومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے۔

نادرا کے مطابق یہ نظام فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہے اور صوبائی انتظامات مکمل ہوتے ہی پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر یہ نظام 50 سے زائد ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں نصب کیا جا چکا ہے جن میں اسلام آباد کے پی آئی ایم ایس، سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ اسپتال، لاہور کا لیڈی ایچیسن اسپتال، کوئٹہ کے بولان میڈیکل کالج، ڈی ایچ کیو، شیخ زید اور آریا اسپتال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ڈی ایچ کیو ہری پور، بٹ خیلہ، آزاد کشمیر کے میرپور اسپتال، گلگت کے شہید سید الرحمان اسپتال اور سندھ کے حیدرآباد و مٹیاری کے متعدد اسپتالوں و بنیادی مراکز صحت میں بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں