لاہور (اوصاف نیوز): پنجاب حکومت نے لاہور میں عالمی معیار کی تعلیم اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں برطانیہ کے معروف تعلیمی ادارے امپیریل کالج لندن کے کیمپس کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نومبر 2025 میں امپیریل کالج کے مقامی کیمپس کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ کیمپس میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ 300 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا، جو طبی تعلیم اور علاج معالجے کی جدید سہولیات کا مرکز ہوگا۔راوی اربن منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہاجلاس میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD)، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RODA) اور نواز شریف آئی ٹی سٹی سمیت دیگر مستقبل کے منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دریائے راوی پر تعمیر کیا جانے والا روڈا پرائمری بند ممکنہ سیلابی خطرات سے پہلے مکمل کیا جائے۔حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ روڈا فیز ون کی تکمیل کے لیے دو سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بند کی تعمیر سے لاہور کو دریائے راوی کے سیلاب سے بچانے میں مدد ملے گی۔انٹرٹینمنٹ سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی دلچسپیاجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ انٹرٹینمنٹ سٹی کے منصوبے میں چین اور ترکیہ کی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ڈی او ایف روبوٹک اور یو بینڈ کمپنیاں پلئیر تھیم پارک میں سرمایہ کاری پر غور کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 80 نشستوں پر مشتمل فلائنگ تھیٹر بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔
آئی ٹی ٹاور کی 78 فیصد تعمیر مکملبریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم آئی ٹی ٹاور کی 78 فیصد تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سلیکون سٹی، یونیورسٹی بلاک، اے ایس ٹی آر اے بلاک اور فلم سٹی میں بھی مختلف قومی و بین الاقوامی ادارے دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔راوی سٹی، پاکستان کا پہلا گرین سٹیحکام نے اجلاس میں بتایا کہ راوی سٹی کو پاکستان کا پہلا مکمل گرین سٹی بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو ماحولیاتی تحفظ، ٹیکنالوجی اور جدید طرز زندگی کا امتزاج ہوگا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایاتوزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام فیوچر پراجیکٹس کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ثمرات حاصل ہوں۔ انہوں نے فیوچر پراجیکٹس پر سہ ماہی رپورٹس پیش کرنے اور روڈا کا قابلِ عمل بزنس پلان جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
