پشاور( اوصاف نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے ملنے والی بلٹ پروف گاڑیوں کو مسترد کرکے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وفاقی حکومت کے درمیان پہلا بڑا تنازع منظر عام پر آگیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے وفاق کی جانب سے دی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کو ناکارہ اور زائد المعیاد قرار دیتے ہوئے وفاق کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس کو ناکارہ اور زائد المعیاد بلٹ پروف گاڑیاں دینے سے سکیورٹی اہلکاروں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں بند کمروں میں کیے گئے فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے، اس حوالے سے اداروں اور بیوروکریسی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہوگی، تمام تبادلے اور تقرریاں میرٹ پر ہوں گی، میری نامزدگی سے حلف برداری تک من گھڑت الزامات لگائے گئے، اب مجھے ناکام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں بانی سے ملنے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ جمعہ کو عوام میں جا کر اپنا مؤقف چارسدہ کے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں : کون سے برقی الات ہیں ؟جوبند ہونے پر بھی بجلی بل میں کمی نہیں ہوتی




