جہانیاں(نیوز ڈیسک)خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں افسوسناک ٹریفک حادثے نے ایک ہی خاندان کی خوشیاں غم میں بدل دیں۔ ملتان سے ٹبہ سلطان پور شادی کی تقریب میں جانے والی فیملی کا رکشہ پل 14 کے قریب زیر تعمیر سڑک پر حادثے کا شکار ہوگیا، جب بھوسے سے بھرا ایک ٹرک بے قابو ہو کر رکشہ پر الٹ گیا۔
حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 11 سالہ بشریٰ، 9 سالہ عجوہ، 8 سالہ بختاور، 6 سالہ حورین اور 45 سالہ آسیہ بی بی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں 2 سالہ علیمہ، 2 سالہ سبحان اور 40 سالہ رخسانہ بی بی شامل ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ زیر تعمیر سڑک اور ٹرک کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
مزیدپڑھیں:ایل این جی ٹیرف پر گیس کنکشن پر پابندی اٹھا لی گئی


