اسلام آباد( اوصاف نیوز) نادرا نے شہریوں کو پہلا شناختی کارڈ مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے عوام کو ایک بڑی سہولت فراہم کی ہے اور شہری اپنا پہلا شناختی کارڈ (سمارٹ چپ کے بغیر) بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔
شناختی کارڈ کے حصول کے لیے شہری نادرا سینٹر جا کر 15 دن کے اندر بغیر کسی فیس کے پہلا کارڈ بنوائیں۔
شہریوں کی جانب سے نادرا کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے اور درخواست ہے کہ یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب کرائی جائے۔
حال ہی میں (نادرا) نے کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں 200 جونیئر ایگزیکٹوز (ڈیٹا انٹری آپریٹرز) کی بھرتی کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام نادرا کی خدمات کو بہتر بنانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا تھا۔
واک ان انٹرویوز 3 نومبر 2025 سے شروع ہوں گے، یہ بھرتی کراچی کے پانچ اضلاع اور اندرون سندھ کے نو اضلاع کا احاطہ کرے گی، جن میں میرپورخاص، میرپور ساکرو، کوٹری، مٹھیری، چھاچھرو، جھڈو، میرپور تھرو، ٹنڈو الہ یار، جامشورو، ٹھٹھہ اور سجاول شامل ہیں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق، امیدواروں کی کم از کم انٹرمیڈیٹ تعلیمی قابلیت ہونی چاہیے، اور زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال ہونی چاہیے۔
انتظامیہ نے کہا کہ اس توسیعی منصوبے کا مقصد نیم شہری اور دیہی علاقوں میں نادرا کی رسائی کو بہتر بنانا، شہریوں کو تیز تر خدمات فراہم کرنا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
کئی اضلاع میں نئے علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے، جس کے لیے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں:کور کمانڈر پشاور مجھے مبارکباد دینے آئے! سرکاری ملاقات نہیں تھی، سہیل آفریدی
