مظفرآباد(نیوز ڈیسک)مظفرآباد میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار ظفر محمود، سیکرٹری خوراک سردار سہیل اعظم اور چیئرمین ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ٹیکس کلیکشن، اہداف اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ خوراک کے معیار، آٹے کی ترسیل اور بنیادی ذخائر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ وہ حلف کے پاسدار رہیں گے اور عوامی خدمت کا مشن نئے جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے خوراک کی فراہمی اور معیار کے نظام کو بہتر بنایا ہے، وسائل عوامی فلاح پر خرچ کیے جا رہے ہیں، اور فیصلوں میں ذاتی نہیں بلکہ اجتماعی مفاد کو ترجیح دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کے سلسلے کو مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔




