اسلام آباد(ویب ڈیسک) موسم سرما کی آمد آمد ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے، دکاندار من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں، بادام، اخروٹ، چلغوزہ کی قیمتیں بلندیوں کو چھو رہی ہیں مگر اس بار ملک کے ایک ایسے حصے میں مہنگا چلغوزہ صرف 3 ہزار روپے کلو مل رہا ہے۔
متوسط طبقے کی قوت خرید سے باہر ہونے والاچلغوزہ اب 16 ہزار کی بجائے 3 ہزار میں ملے گا، گزشتہ سالوں سے اس کی قیمت 12 سے 16 ہزار روپے کلو تک بھی رہی، تاہم اس قیمت میں یہ چلغوزہ ہر جگہ نہیں بلکہ جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا بازار میں فروخت کیا جارہا ہے، موسم سرما کی خاص سوغات میں اس کو شمار ہوتا ہے۔
وانا بازار کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ ان سردیوں میں چلغوزے کی قیمت کم ہوئی ہے اس سے پہلے قیمت 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تھی جس کے باعث گاہک نہ ہونے کے برابر تھے، قیمت میں کمی کی وجہ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس بار چلغوزے کی پیداوار کافی ہوئی ہے جس کے باعث قیمت بڑی حد تک گری ہے۔
خشک میوہ جات موسم سرما کا ایک انمول تحفہ ہیں۔ یہ خوش ذائقہ اور صحت بخش ہوتے ہیں۔ یہ مختلف بیماریوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال کا کام سر انجام دیتے ہیں۔
خشک پھل موسم سرما میں جسم کے درجہ حرارت میں توازن قائم کرتے ہیں۔ اگرچہ ان میوہ جات میں تیل وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے لیکن پھر بھی یہ جسم کو توانائی مہیا کرتے ہیں۔
چلغوزہ بہت عمدہ قسم کا میوہ ہے اس کو کھانے سے گردے اور جگر کو طاقت پہنچتی ہے۔ اس کے استعمال سے یادداشت کے عمل میں بھی بہتری آتی ہے۔ یہ اعصابی کمزوری کو بھی دور کرتا ہے اور پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے۔
چلغوزہ کھانے سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے یہ یرقان اور گردے کے درد کے لیے ازحد مفید ہے۔ پرانی کھانسی کے لیے چلغوزہ پیس کر شہد میں ملا کر کھایا جائے۔ یہ دل کو بھی تقویت پہنچاتا ہے۔
چلغوزہ دیر ہضم میوہ ہے اس لیے اس کی زیادہ مقدار کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے،چلغوزوں کے چھلکوں پر روغن سا لگا ہوتا ہے جو معدے میں سوزش پیدا کرتا ہے۔
مزیدپڑھیں:چلغوزے کی قیمت میں ریکارڈ کمی، 8 ہزار روپے کلو سستا ہو گیا



