لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یکم جنوری 2026 سے صوبے بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا حکم دے دیا ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں امام مسجد کے لیے اعزازیہ کارڈ کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یکم جنوری سے اعزازیہ کی ادائیگی شروع کی جائے گی، جبکہ یکم فروری سے امام مسجد کو اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 62,994 آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے فارم موصول ہو چکے ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔
مریم نواز نے کہا کہ جو امام مسجد اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث ہوں گے، ان کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ، سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کارروائی کے لیے قانون سازی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مزیدپڑھیں:روہت شرما اور ویرات کوہلی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
