لاہور (نیو ز ڈیسک) پنجاب حکومت کا ایک اوراہم اور عوام دوست فیصلہ، صوبائی دارالحکومت کے تاریخی انارکلی بازار سے ملحقہ نیلا گنبد کے مقام پر، جہاں صوفی بزرگ حضرت حاجی عبدالرزاق مکیؒ کا مزار ہے، سائیکل مارکیٹ ختم کر کے خوبصورت پارک اور پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کی زمین پر طویل عرصے سے متنازعہ سائیکل مارکیٹ غیر قانونی طور پر قائم تھی، کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کی جگہ پر پنجاب حکومت اب ایک جدید اور خوبصورت پارک کیساتھ ساتھ کثیرالمنزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کر رہی ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے 350 سال پرانے تاریخی نیلا گنبد کی بحالی کا کام جاری ہے اور اطراف میں مارکیٹیں اور تجاوزات ختم کر کے اس کی اصل حالت میں بحالی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ نیلا گنبد میں معروف روحانی شخصیت حاجی عبدالرزاق مکیؒ کا مقبرہ بھی واقع ہے، جسے 1674میں مغلیہ طرز تعمیر کے مطابق بنایا گیا تھا۔ 1984میں اس کی تزئین و آرائش بھی کی گئی تھی لیکن مزار کے اطراف میں دکانیں اور مکان بننے سے اس کی شناخت برائے نام رہ گئی تھی۔
مقامی آبادی نے پنجاب حکومت کےاس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے یہ جگہ تجاوزات کی نذرہو چکی تھی۔پارک اورجدید پارکنگ پلازہ سے شہر کی تاریخی خوبصورتی بحال ہو گی ۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ چند ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو عید سے پہلے یہ تحفہ مل سکے۔مقامی تاجر برادری نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں کم عمر ڈرائیورکا 50ہزار روپے چا لان ہو گیا
