لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب بھر میں موسمِ سرما کی چھٹیوں کے دوران تعلیمی ادارے کھولنے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام سی ای اوز ایجوکیشن کو واضح ہدایات دے دی ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق چھٹیوں کے دوران سکول کھولنے یا احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کی رپورٹ سی ای اوز روزانہ کی بنیاد پر محکمہ کو ارسال کریں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ موسمِ سرما کی چھٹیوں کے دوران تعلیمی ادارے کھولنے پر متعلقہ اتھارٹیز سخت ایکشن لیں گی تاکہ احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں توسیع کی خبروں پر صوبائی وزیر تعلیم کی وضاحت سامنے آگئی، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے سردیوں کی تعطیلات میں کسی قسم کی توسیع کا ارادہ نہیں بنایا، اور تمام اسکول اور کالجز 12 جنوری 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔ وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق کی معلومات پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں شیئر کریں۔ یاد رہے کہ پنجاب ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے سردیوں کی تعطیلات 22 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا تاہم رپورٹ کے مطابق بعض نجی تعلیمی اداروں نے اس نوٹیفکیشن پر عمل نہ کیا اور طلبہ کو واٹس ایپ کے ذریعے ہدایت دی کہ وہ 6 جنوری 2026 سے کلاسز دوبارہ شروع کریں۔ والدین اور تعلیمی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام نجی ادارے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں کے دورانیے کی پابندی کریں تاکہ طلبہ اور والدین میں کسی قسم کی الجھن نہ پیدا ہو۔
مزیدپڑھیں:بھارتی وفد نے خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت سے روکا، ایاز صادق کا انکشاف
