اسلام آباد(ویب ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹ جاری کر دیے گئے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے نظرثانی شدہ ویلیوایشن جاری کیے گئے ہیں، نئے ریٹس کے مطابق جائیدادوں کے ریٹس میں 15سے 75فیصد اضافہ کیا گیا۔ ایف بی آر کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیرمنقولہ املاک کی مارکیٹ ویلیو کا تعین نئی شرح کے مطابق کیا جائے گا، نئے ریٹ کے مطابق کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ سال تک پرانے رہائشی تعمیر شدہ اسٹرکچر کے نئے ریٹس 3 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پانچ سال سے پرانی تعمیرشدہ جائیداد کے ریٹ 1500روپے فی مربع فٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئے ایس آر او کے جاری ہونے کے بعد پرانی قیمتیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

