Search
Close this search box.
هفته ,27 جون ,2026ء

بیرونِ ملک سفر پر پابندی، رجب بٹ اور ندیم نانی والا نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

لاہور(ویب ڈیسک)معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے بیرونِ ملک سفر پر عائد پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

دونوں سوشل میڈیا شخصیات سائبر کرائم اور دیگر مقدمات میں نامزد ہیں اور اس وقت ان کے نام نو ٹریول لسٹ میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے دونوں نے الگ الگ آئینی درخواستیں دائر کی ہیں جن میں بیرونِ ملک سفر کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق درخواستیں وکلاء بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر کے توسط سے دائر کی گئیں۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ان کے نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنا غیر قانونی اور بلاجواز ہے جس کے باعث ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

درخواستوں میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، سیکریٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوری طور پر ان کے نام نو ٹریول لسٹ سے خارج کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان درخواستوں پر سماعت جلد متوقع ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا دونوں سوشل میڈیا شخصیات کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔

اس سے قبل لاہور کی ایک عدالت نے جوئے کی ایپ کی تشہیر سے متعلق مقدمے میں رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع کی تھی۔

یہ فیصلہ لاہور سیشن کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران سنایا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے کی۔ سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی اور مزید وقت درکار ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دے دی تھی۔
مزیدپڑھیں:اسلاموفوبیا کے خلاف برطانوی بچے کی مہم، مسجد نبویؐ تک جا پہنچی

یہ بھی پڑھیں