لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 25 سال بعد بسنت کی واپسی نواز شریف کی خواہش پر ممکن ہوئی ہے۔
لاہور میں حکومت پنجاب کی اجازت سے 6 سے 8 فروری تک بسنت کا تہوار منایا جا رہا ہے، جس کے لیے شہر بھر میں جوش وخروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کے سلسلے میں رات گئے اندرون شہر کا دورہ کیا اور موچی گیٹ سمیت گنجان آباد علاقوں میں انتظامات کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب نے بازاروں میں کیو آر کوڈد پتنگوں کے سائز کا موقع پر معائنہ کیا اور بغیر کیو آر کوڈد ڈور کی فروخت کا جائزہ لینے کے ساتھ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کی جانچ کی گئی۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی واپسی نواز شریف کی خواہش پر ممکن ہوئی ہے۔ یہ تہوار لاہور کی پہچان ہے اور اس کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہری دوبارہ بسنت فیسٹیول سے لطف اندوز ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ٹیم بسنت کے لیے چار ماہ سے متحرک ہے۔ افسوسناک واقعے سے بچنے کیلیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے۔ ممنوع ڈور اور پتنگ استعمال کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ موٹر سائیکل سوار سیفٹی راڈ کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں۔ بسنت پر شہری اپنی چھتوں کو بھی محفوظ بنائیں اور والدین بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح بنائیں۔
پنجاب کی سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ بسنت کے موقع پر 519 بسیں، 60 ہزار رکشے، میٹرو اور اورنج لائن مفت سروس دیں گی۔
مزیدپڑھیں:خواتین کیلئے بلاسود کاروباری قرضوں کا اعلان



