Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

پی ٹی آئی کی عمران خان تک رسائی سے متعلق یادداشت سپریم کورٹ کو موصول، ایس او پیز جاری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک): سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق 30 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمنٹرینز نے سپریم کورٹ کے سامنے اجتماع کیا، جہاں رجسٹرار سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کو چیف جسٹس سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جس میں زیرِ حراست پی ٹی آئی قائد تک اہلِ خانہ کی رسائی سے متعلق تحفظات پیش کیے گئے جبکہ طبی ماہرین کی رسائی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔

سپریم کورٹ کے مطابق یہ معاملہ کسی زیرِ سماعت مقدمے سے متعلق نہیں تھا بلکہ انتظامی نوعیت کے تحفظات تھے، جنہیں قانون کے مطابق غور و خوض کے لیے متعلقہ حکام کو ارسال کر دیا گیا۔ تحفظات ارسال ہونے کے بعد مجمع پُرامن طور پر منتشر ہو گیا، تاہم ایک ہفتے تک کسی باضابطہ جواب کی وصولی نہیں ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق 6 فروری کو اپوزیشن قیادت نے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جس وفد میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دستخط شدہ یادداشت رجسٹرار سپریم کورٹ نے باضابطہ طور پر وصول کی۔ یادداشت میں زیرِ حراست پی ٹی آئی قائد تک رسائی کا معاملہ دوبارہ اٹھایا گیا جبکہ طبی رپورٹس کی فراہمی سے متعلق تحفظات بھی شامل تھے۔ یہ یادداشت بھی متعلقہ انتظامی حکام کو دوبارہ ارسال کر دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق آئندہ ایسے معاملات کے لیے باقاعدہ ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت متاثرہ فریقین سے رابطے کا واضح طریقۂ کار طے کر دیا گیا ہے۔ ایس او پیز میں ادارہ جاتی وقار کے تحفظ، عدالتی امور اور دیگر سائلین کے حقوق کے تحفظ، رسائی اور سہولت کاری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ ہنگامی طبی سہولت کی فراہمی بھی ان ایس او پیز کا حصہ ہے۔ عدالت کے مطابق ان اقدامات سے طریقۂ کار میں نظم و ضبط آئے گا۔
مزیدپڑھیں:مرزاپور کے معروف اداکار نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ کی وجہ بتادی

یہ بھی پڑھیں