اسلام آباد(نیوز ڈیسک )آپ یہ سن کر حیران ہوں گے کہ پاکستان کا ایک منصوبہ امریکہ میں ہزاروں نوکریاں پیدا کر رہا ہے۔ جی ہاں، امریکی حکام کے مطابق پاکستان کے سونے اور تانبے کے منصوبے سے امریکہ میں تقریباً 6000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ یہ دعویٰ کسی افواہ پر نہیں بلکہ یو ایس ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی جانب سے دی گئی باضابطہ منظوری پر مبنی ہے، جس کے تحت اس منصوبے کے لیے اربوں ڈالر کی فنانسنگ منظور کی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت بلوچستان میں سونا اور تانبا نکالنے کے لیے جدید مشینری، آلات اور تکنیکی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان آلات کی تیاری، انجینئرنگ، کنسلٹنسی اور پروجیکٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں امریکی ماہرین کام کریں گے، جس سے امریکہ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس پورے منصوبے پر پاکستان کو براہِ راست کوئی مالی بوجھ نہیں اٹھانا پڑے گا، کیونکہ فنانسنگ یو ایس ایکسپورٹ امپورٹ بینک فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان میں بھی بڑے پیمانے پر روزگار پیدا ہوگا۔ بلوچستان میں مقامی افراد کو انتظامیہ، لاجسٹکس، کان کنی اور تعمیرات کے شعبوں میں ملازمتیں ملیں گی۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، زرمبادلہ بڑھے گا اور جی ڈی پی کو تقویت ملے گی۔ سونا اور تانبا عالمی منڈی میں فروخت ہونے سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی، جبکہ مقامی صنعتوں اور چھوٹے کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
اس کے علاوہ، حکومت کی آمدنی بڑھنے سے تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے پر مزید سرمایہ کاری ممکن ہو سکے گی۔ یوں یہ منصوبہ نہ صرف امریکہ بلکہ پاکستان، خاص طور پر بلوچستان کے لیے بھی معاشی ترقی اور خوشحالی کا باعث بننے جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:گرمیوں کی تعطیلات، فیسوں کے حوالے سے اہم حکومتی اعلان




