Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

ای چالان کے نام پر جعلی ایس ایم ایس، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کر دیا

لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان کے نام پر جعلی ایس ایم ایس پیغامات بھیج کر شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف خبردار کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق بعض جعلساز مختلف موبائل نمبرز سے شہریوں کو ای چالان کی جعلی اطلاع بھیج رہے ہیں اور ساتھ ایسے لنکس بھی شامل کرتے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کی بینکنگ معلومات حاصل کرنے یا غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

پی ایس سی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری ای چالان سے متعلق پیغامات صرف اتھارٹی کے آفیشل نمبر 9915 سے بھیجے جاتے ہیں۔ ان پیغامات میں نہ تو کوئی لنک شامل ہوتا ہے اور نہ ہی شہریوں کو آن لائن ادائیگی کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر کسی شہری کو 9915 سے ایسا پیغام موصول ہو جس میں لنک دیا گیا ہو یا بینک اکاؤنٹ، اے ٹی ایم کارڈ یا دیگر مالی معلومات مانگی جا رہی ہوں تو اس سے محتاط رہیں کیونکہ پی ایس سی اے کبھی بھی ایس ایم ایس کے ذریعے بینکنگ معلومات طلب نہیں کرتا۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مشتبہ لنکس پر کلک نہ کریں اور غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس کے ذریعے ادائیگی سے گریز کریں۔

اتھارٹی کے مطابق ای چالان کی تصدیق صرف پی ایس سی اے کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے کی جا سکتی ہے جبکہ ادائیگی ای پے پنجاب موبائل ایپ کے ذریعے پی ایس آئی ڈی بنا کر کی جا سکتی ہے۔ مزید رہنمائی کیلئے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر کے آپشن 6 منتخب کر سکتے ہیں۔

پی ایس سی اے کے مطابق جعلی ویب سائٹس بنا کر عوام کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:سی ڈی اے کاججز کی رہائشگاہ اوراسلام آباد ہائی کورٹ میں 31 لاکھ روپے کے پودے اور پھول لگانے کا منصوبہ

یہ بھی پڑھیں