خیبر(نیوز ڈیسک)ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے برقمبرخیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک نائب صوبیدار شہید اور میجر سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی علاقے شنکو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے میجر اسد کی قیادت میں کوئیک ریسپانس فورس (QRF) روانہ کی۔ فورسز کے موقع پر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے دوران میجر اسد، نائب صوبیدار سمیع اور دیگر دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر فورٹ سلوپ کیمپ سے سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم نائب صوبیدار سمیع شدید زخمی ہونے کے باعث طبی امداد ملنے سے قبل ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
مزیدپڑھیں:لائیو رپورٹنگ کے دوران صحافی پر اسرائیلی میزائل حملے کی ویڈیو سامنے آگئی

