لاہور (نیوز ڈیسک)تعلیمی اداروں میں موسم گرما اور موسم سرما تعطیلات کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے، چھٹیاں ماضی کے مقابلے میں مختصر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں آج (یکم اپریل) سے نئے تعلیمی سال کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے شیڈول میں بڑی تبدیلی پر غور کیا جارہا ہے ، رواں سال گرمیوں کی چھٹیاں ماضی کے مقابلے میں مختصر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومت صرف دو ماہ کی موسمِ گرما کی تعطیلات کا ارادہ رکھتی ہے تاہم دوسری جانب بدلتے ہوئے موسمی حالات (اسمگ اور شدید سردی) کے پیشِ نظر موسمِ سرما کی چھٹیاں جنوری میں دیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے طلباء کے لیے کروڑوں مفت درسی کتب کی فراہمی اور اسکولوں کے لیے بجلی کے ٹیرف میں کمی سمیت کئی اہم اعلانات کیے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ رواں تعلیمی سال کے دوران طلباء میں تقریباً 3 کروڑ مفت درسی کتب تقسیم کی جائیں گی۔
پہلی سے تیسری جماعت تمام طلباء کو 100 فیصد کتابیں ، چوتھی اور پانچویں جماعت: طلباء کو 80 فیصد کتابیں اور چھٹی سے نویں جماعت کے طلباء کو 50 فیصد اور دسویں کے تمام طلباء کو تمام مطلوبہ کتابیں مفت ملیں گی۔
جن طلباء کو کتابیں کم ملیں گی، انہیں ‘اسکول بک بینک’ کے ذریعے کتب فراہم کی جائیں گی تاکہ کسی کی تعلیم کا حرج نہ ہو۔
اس کے علاوہ تعلیمی اداروں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکام نے سرکاری اسکولوں کے لیے کمرشل بجلی کے ٹیرف میں کمی کا اشارہ دیا ہے، اس اقدام کا مقصد اسکولوں کے اخراجات کو کم کرنا اور تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
مزیدپڑھیں:عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری، فی لیٹر قیمت میں 100 روپے اضافے کا خدشہ




