Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

سندھ ہائیکورٹ: اینٹی ریپ قانون پر عملدرآمد سے متعلق درخواست، سیکرٹری قانون و انصاف اور ڈی جی نادرا کو نوٹس

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ میں اینٹی ریپ ٹرائل اینڈ انویسٹی گیشن ایکٹ 2021 پر عملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے سیکرٹری قانون و انصاف اور ڈی جی نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔

درخواست گزار طارق منصور نے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی ریپ قانون 2021 پر تاحال مؤثر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کا کوئی جامع ڈیٹا بیس تیار نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کیمرہ ٹرائل کا مؤثر نظام قائم کیا جا سکا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ متاثرین کو قانونی معاونت فراہم کرنے اور گواہان کے تحفظ کے لیے بھی کوئی واضح فریم ورک موجود نہیں، جس کے باعث انصاف کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق تین کروڑ سے زائد آبادی کے شہر کراچی میں صرف سول اسپتال میں اینٹی ریپ کرائسس سیل قائم ہے، جبکہ وہاں بھی خاتون عملے کی تعیناتی نہیں کی گئی، جو ایک سنگین کمی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر کیس سے متعلق مکمل معلومات رکھنے والے افسران کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ معاملے کو مؤثر انداز میں سنا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں