اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ، بھارہ کہو، کھنہ، شمس کالونی اور سمبل کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے، جو زونل ایس پیز کی نگرانی میں انجام پائے۔ ان کارروائیوں میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران 901 افراد اور 323 گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 74 دکانوں اور 26 ہوٹلز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس کے علاوہ 180 موٹر سائیکلوں اور 73 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 26 مشکوک افراد اور 13 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ ایک ملزم کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 285 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے اور خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈز شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں جبکہ سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔


